ادارہ امور حرمین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حرم مکی الشریف میں صحن مطاف کو عمومی طور پر نہیں کھولا گیا، انتہائی محدود تعداد میں لوگوں کو جانے کی اجازت دی جاتی ہے جن مجموعی تعداد دسیوں تک ہوتی ہے۔
حرمین شریفین کے ادارے کے ذرائع نے مقامی نیوز ویب ’سبق‘ کو بتایا کہ’حرم مکی شریف کے صحن میں طواف کو عام حالت کے مطابق نہیں کھولا گیا جبکہ صرف چند افراد کو باری باری مطاف میں جانے کی اجازت دی جاتی ہے‘۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ’ گزشتہ ماہ رجب کی 10تاریخ سے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیراختیار کرتے ہوئے عمرہ عارضی طور پر موقوف کردیا گیا تھا۔ عارضی طور پر عمرہ روکنے کے بعد حرم مکی الشریف عشا کی نماز کے ایک گھنٹے بعد بند کردیا جاتا ہے اور فجر سے ایک گھنٹہ قبل کھولاجاتا ہے‘۔عمرہ زائرین پر عارضی طور پرپابندی عائد کیے جانے کے بعد مسجد الحرام میں پانچوں وقت کی نماز ادا کی جاتی ہے تاہم طواف کے لیے صحن مطاف میں انتہائی محدود تعداد میں لوگوں کو جانے کی اجازت دی جاتی ہے‘۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ’حرم شریف اور صحن مطاف کو مسلسل جراثیم کش ادویات سے صاف کیا جاتا ہے یہ عمل دن میں پانچ بار کیاجاتا ہے تاکہ حرم شریف کو ہر قسم کے جراثیم سے محفوظ رکھا جائے اس ضمن میں اہلکارصحن مطاف کے علاوہ حرم شریف میں سیڑھیوں اور ریکس کو بھی جراثیم کش ادویات سے صاف کرتے ہیں‘۔
واضح رہے عمرہ پرعائد پابندی کے بعد سے حرم مکی الشریف کے صرف مرکزی دروزاوں کو کھولا جاتا ہے جبکہ دیگر تمام دروازے بند رہتے ہیں۔مرکزی دروازے پر موجود اہلکارروزانہ کی بنیاد پر انتہائی محدود تعدادمیں لوگوں کو طواف کے لیے جانے کی اجازت دیتے ہیں۔ حرم شریف میں مسعی (سعی و صفا) والا حصہ مکمل طورپر بند۔
سوشل میڈیا پرگزشتہ دنوں سے وڈیو وائرل ہورہی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ حرم مکی شریف میں صحن مطاف کو عمومی طور پر کھول دیا گیا ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ مطاف بند ہی نہیں کیا گیا تھا بلکہ کعبہ شریف کے اطراف حفاظتی دیوار لگا کرانتہائی محدود تعداد میں لوگوں کو طواف کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
یاد رہے کوونا وائرس سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مکہ مکرمہ کے 6علاقوں میں 24گھنٹے جبکہ پورے مکہ مکرمہ میں شام 3سے صبح 6بجے تک کرفیو نافذ ہے۔
Post a Comment
0 Comments