سعود یعرب میں مہلک وبائی وائرس ’کووڈ 19‘ کا شکار ہونے والے سعودی نوجوان کا کہنا ہے کہ معمولی غلطی اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں 12افراد پر مشتمل خاندان ’کورونا ‘ میں مبتلا ہو گیا۔
متاثرہ شخص نے سوشل میڈیا پرجاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’لوگوں کو چاہئے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے دی گئی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس مہلک بیماری سے بچ سکیں‘۔
ویب نیوز عاجل نے متاثرہ نوجوانوں کی جانب سےسوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے جانے والے پیغام کو جاری کیا ہے جس میں اس نے بتایا کہ کس طرح وہ اپنے دیگر اہل خانہ کے ساتھ اس مہلک مرض کا شکارہوا۔
نوجوان کا کہنا تھا کہ’حکومت کی جانب سے سماجی را بطے کو منقطع کرنے کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے تفریحی مقامات پر جانے چھوڑدیا تاہم خاندان کے تمام افراد ایک جگہ جمع ہونا شروع ہوگئے یہی ہماری بنیادی غلطی ثابت ہوئی جس کا خمیازہ کورونا کی شکل میں سامنے آیا‘۔پیغام میں متاثرہ شخص نے مزید کہا ’ اکثر سعودی خاندانوں میں ہفتے میں ایک یا متعدد دنوں میں پورا خاندان ایک جگہ جمع ہوتا ہے اور یہی عادت ہماری بھی تھی ، اس امر سے بے خبر ہم سب اپنے دادا کے گھر جمع ہوئے اورفیملی کیدرنگ کے بعد سب اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے کوئی یہ نہیں جانتا تھا کہ کس نے کس کو ’کووڈ 19‘ منتقل کر دیا ہے‘
’خانگی اجتماع کے چند دن بعد ہی والدہ کو سانس میں تکلیف اور شدید بخار ہو گیا جب انکا ٹیسٹ کرایا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں‘

نوجوان کا کہنا تھا اس طرح یک بعد دیگرے گھر کے 12 افراد پر اس وائرس نے حملہ کیا اورہم سب کو ’ قرنطینہ ‘ میں جانا پڑ گیا۔
متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ ’میری سب لوگوں سے درخواست ہے کہ ان دنوں خصوصی احتیاط برتیں اور خانگی اجتماعات بھی روک دیں کیونکہ اس طرح آپ دوسروں کو بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں خاص کر گھر کے بزرگوں کو جنہیں یہ وائرس بہت جلدی اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے‘