Travel Agents UK | Cheap Flights | Online Reservation | Air Fare ...
ملک میں فضائی آپریشن معطل ہونے کے باعث  بینکاک میں پھنسے  170 پاکستانی اسلام آباد پہنچ گئے۔
ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ پر بینکاک سے آئے مسافروں کی اسکریننگ مکمل کر لی گئی ہے اور تمام مسافروں کو قرنطینہ میں رکھنے کے لیے محکمہ صحت کی گاڑیوں کے ذریعے ہوٹل پہنچا دیا گیا ہے۔ 
ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کلیئر  آنے پر مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ائیر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے اچانک بند کرنے کے فیصلے پر مختلف ممالک سے پاکستان کا سفر کرنے والے  مسافر بینکاک کے سوورنا بومی ائیر پورٹ پر پھنس گئے تھے۔ائیرپورٹ پر پھنسے مسافروں نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ تھائی حکام سے رابطہ کر کے ان کے لیے خصوصی پرواز کا بندوبست کرے تاکہ وہ اس مشکل گھڑی میں اپنے گھروں تک پہنچ سکیں۔ 
خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ کو 8 بجے شب سے 4 اپریل تک بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کر رکھا ہے۔