عیسی خان صاحب، آپ کا سوال واضح نہیں جہاں تک آپ نے کہا کہ اقامہ ہولڈر ہیں، آپ کے سوال میں یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آپ کس قسم کی معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ایکسٹینشن سے آپ کی مراد کیا ہے۔ آپ کے سوال سے یہ معلوم ہو رہا ہے کہ آپ ایگز ٹ ری انٹری (خروج وعودہ) پر مملکت سے باہر ہیں اور اس حوالے سے معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تاہم اگر آپ کی مراد کسی قسم کے نئے قانون وغیرہ کے حوالے سے ہے تو عرض ہے کہ ابھی تک کسی قسم کی نئی معلومات حاصل نہیں ہوئیں۔
سعودی عرب سے فضائی کمپنیاں 31 مارچ کے بعد آپریشن کا آغاز کریں گی (فوٹو: ٹوئٹر)
آگر آپ خروج و عودہ پر گئے ہوئے ہیں اور مملکت واپس آنے کے بارے میں دریافت کرنے کے خواہاں ہیں تو عرض ہے کہ سرکاری اداروں کی جانب سے 31 مارچ تک تمام مسافروں پر پابندی عائد کی گئی ہے، فضائی کمپنیاں بھی 31مارچ کے بعد آپریشن کا آغاز کریں گی۔ آپ سے گزارش ہے کہ سوال کو واضح انداز میں ارسال کریں تاکہ درست طور پر جواب دیا جاسکے۔
مصطفی حبیب صاحب دریافت کرتے ہیں ، میرا اقامہ ایکسپائر تھا میں نے ٹرانسفر لے لیا، نئے کفیل نے اقامہ تجدید کیے بغیر تین ماہ بعد بغیر کسی وجہ سے ’ہروب‘ لگا دیا، کفیل کہتا ہے کہ ہروب اس نے نہیں لگایا، اس نے مجھے خطاب بھی دے دیا ہے دوسرے کفیل کے نام ، کیا مجھے مکتب العمل جانا چاہئے، اس بارے میں کچھ حل بتائیں؟
جواب: آپ کا کیس غیر معمولی ہے کیونکہ اقامہ جب ایکسپائر ہوتو قانون کے مطابق ٹرانسفر (تنازل) لینے سے قبل اسے تجدید کرانا لازمی ہے، عام طور پر ٹرانسفر کے ساتھ ہی اقامہ تجدید کیا جاتا ہے بہت ممکن ہے کہ آپ کے کفیل نے اقامہ تجدید کردیا ہو اور آپکے علم میں نہ ہو اس لیے آپ ’جوازات‘ سے اقامہ کا پرنٹ حاصل کرلیں تاکہ اس بات کی یقین دہانی کی جاسکے کہ آپکا اقامہ سابقہ کفیل کے نام سے ٹرانسفرہوا ہے یا نہیں ۔
دوسرا نکتہ جو قابل غور ہے وہ یہ کہ اگر آپ کا اقامہ ٹرانسفر ہی نہیں ہوا تو ’ہروب‘ کس طرح فائل ہو سکتا ہے۔ لیبر آفس کی ویب سائٹ https://www.mol.gov.sa/Services/Inquiry/NonSaudiEmpInquiry.aspx پر لاگ ان کرنے کے بعد اپنا اقامہ نمبر فیڈ کریں جس کے بعد آپ یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ آپ کا اقامہ کس کیٹگری میں ہے آیا آپ کا ہروب فائل ہوا ہے یا نہیں۔
اس طریقے سے آپ یہ بھی معلو م کرسکتے ہیں کہ آیا آپ کا اقامہ سابق کفیل کے نام ہی ہے یا کفیل تبدیل ہو چکا ہے۔
وزارت افرادی قوت جس کا سابقہ نام ’وزارت محنت‘ تھا کی جانب سے اردو دان طبقے کے لیے یہ سہولت اردومیں بھی فراہم کی ہے جس کے لیے آپ کو ’زبان‘ کے براؤز میں جاکر اردو، انگلش یا عربی کا انتخاب کرنا ہوگا۔
مذکورہ معلومات حاصل کرنے کے بعد آپ کو یہ سہولت ہو گی کہ اقامہ کے بارے میں درست معلومات حاصل کر سکتے ہیں جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل بھی مرتب کیا جاسکتا ہے۔ جہاں تک آپ کے سوال کا دوسرا ہم حصہ کہ آپ کے کفیل نے ہروب فائل کر دیا ہے اور آپ کے بقول کفیل کا کہنا ہے کہ ’ہروب اس نے فائل نہیں کیا‘ تو اس سے ایک اور نکتہ سامنے آتا ہے وہ یہ کہ نئے کفیل نے آپ کا اقامہ ٹرانسفر ہی نہیں کیا اور سابق کفیل نے آپ کا ہروب فائل کر دیا ہے۔ اس لیے یہ امر بہت اہم ہے کہ سب سے پہلے آپ اس بات کا تعین کریں کہ آپ کا اقامہ کس کے نام ہے اور آپ کس کی زیر کفالت کام کر رہے ہیں۔
Post a Comment
0 Comments