Mobile

کورونا وائرس سے خاتون جاں بحق ، ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ہزار سے تجاوز کرگئی



    پاکستان میں کورونا وائرس سے آج ایک اور ہلاکت سامنے آئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 1059 ہوگئی ہے۔
    کمشنر راولپنڈی کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ایک خاتون مریض آج انتقال کرگئیں،خاتون 21 مارچ سے زیرعلاج تھیں اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں۔
    اس سے قبل خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
     آج ملک میں مجموعی طور پر 69 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے خیبرپختونخوا میں 39، پنجاب میں 16، بلوچستان میں 9، سندھ میں 3، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں ایک ایک  شخص میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔
    نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1059 تک جاپہنچی ہے جبکہ مہلک وائرس سے اب تک 20 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 4 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

    پنجاب

    ملک کے سب سے بڑی آبادی والے صوبے میں کورونا وائرس سے دوسری ہلاکت ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ایک خاتون مریض آج انتقال کرگئیں،خاتون 21 مارچ سے زیرعلاج تھیں اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں۔
    پنڈی میں خاتون کی ہلاکت کے بعد ملک میں اب تک مہلک وائرس 8 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے۔ 
    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور کے میو اسپتال میں ایک مریض انتقال کرگیا تھا۔
    دوسری جانب صوبے میں آج مزید 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 312 ہوگئی ہے۔
    صوبائی وزارت صحت کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں تفتان سے لائے گئے زائرین میں 176، لاہور میں 77، گجرات میں 21، جہلم میں 19، گوجرانوالہ میں 8، ملتان میں 3، راولپنڈی اور فیصل آباد میں 2، 2 جبکہ منڈی بہاؤ الدین، سرگودھا، رحیم یار خان اور نارووال میں ایک ایک شخص میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    خیبرپختونخوا

    خیبر پختونخوا میں آج کورونا وائرس کے 39 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کی تصدیق صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے ٹوئٹ کےذریعے کیانہوں نے بتایا کہ مردان کی یونین کونسل منگا میں 46 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 39 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ 4 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے۔
    وزیر صحت نے مزید بتایا کہ  پاکستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے پہلے مریض کا تعلق یونین کونسل منگا سے تھا۔
    صوبے میں 39 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد مجموعی تعداد 117 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 3 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

    سندھ

    سندھ میں آج مزید 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 413  تک جاپہنچی ہے۔
    صوبائی وزارت صحت کی ترجمان کے مطابق کراچی میں مزید 3 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 146 تک جاپہنچی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا دادو سے ہے۔
    تفتان سے سکھر آنے والے زائرین میں متاثرہ افراد کی تعداد 265 ہے۔
    ترجمان کے مطابق کراچی میں منگل کو مزید 10 مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ 
    صحت یاب ہونے والوں میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض انتقال کرچکا ہے۔ 

    بلوچستان

    بلوچستان میں آج کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 119 ہوگئی ہے۔
    چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے 119 کیسز ہوگئے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔
    خیال رہے کہ بلوچستان میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص جاں ہوچکا ہے۔

    اسلام آباد

    سرکاری پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بدھ کے روز ایک کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد شہر میں مجموعی کیسز کی تعداد 16 بتائی گئی ہے۔
    تاہم ڈپٹی کمشنر اسلام آباد یا دیگر حکام کی جانب سے کیس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

    گلگت بلتستان

    سرکاری پورٹل میں گلگت بلتستان میں بدھ کے روز کورونا کا ایک کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد علاقے میں مجموعی تعداد 81 ہوگئی ہے۔
    گلگت بلتستان کے ترجمان کی جانب سے کورونا کے کیس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
    گزشتہ روز ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے بتایا تھا کہ ضلع نگر میں 34، اسکردو میں 16، گلگت اور شِگر میں 13، 13، کھرمنگ میں 3 اور استور میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
    فیض اللہ فراق نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 4 مریض صحتیابی کے بعد گھر منتقل ہوگئے ہیں۔
    خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

    آزاد کشمیر

    آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

    ملک بھر میں لاک ڈاؤن

    پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں۔
    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات کی گئی ہے اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔۔
    آزاد کشمیر میں بھی منگل سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو گیا۔

    ملک بھر میں تمام مسافر ٹرینیں بند

    وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں  ٹرین آپریشن معطل کردیا ہے جس کے تحت 31 مارچ تک مسافر ٹرینیں بند رہیں گے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

    حکومت کا معاشی پیکیج

    کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے معاشی پیکیج کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جب کہ مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

    کورونا سے انتقال کرنیوالوں کو تابوت میں دفنانے کی ہدایت

    خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف و بحالی نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔
    محکمے نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
    اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو پلاسٹک کور میں بند کرکے تابوت میں دفن کیا جائے، غسل کے دوران استعمال ہونے والے اشیاء کو فوری تلف کیا جائے جب کہ قریبی رشتہ داروں کو میت تابوت کے گلاس پین ونڈو میں دیکھنے کی اجازت ہوگی۔بدھ کو اب تک خیبرپختونخوا میں 39، پنجاب میں 16، بلوچستان میں 9، سندھ میں 3، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں ایک ایک کیس سامنے آیا

    Post a Comment

    0 Comments